نئی دہلی،26/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا ) وزیر داخلہ امیت شاہ کے این آرسی اور این پی آر کے معاملے پر کل کی تفصیلی صفائی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے ان پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا ہے-کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ خود کو چانکیہ کہنے والے وزیر داخلہ کی انہی کے چندر گپت سے ڈانٹ پڑی ہے-جس کی وجہ سے وہ صفائی دے رہے ہیں -پون کھیڑا نے الزام لگایا کہ این آرسی ملک بھر میں نافذکرنے کا بیان تو وزیر داخلہ امیت شاہ خود پارلیمنٹ میں دے چکے ہیں اور صدر تک نے اس کا ذکر کیا ہے پھر اب امیت شاہ جھوٹ کیوں بول رہے ہیں -کانگریس کا الزام ہے کہ حکومت این پی آر کو اپ ڈیٹ این آرسی کو نافذکرنے کے لیے کر رہی ہے-یہ حکومت کی طرف سے لائے نئے قانون سی اے اے سے ہی ثابت ہو جاتا ہے- پون کھیڑا نے ایک بار پھر مودی حکومت پر سی اے اے اور این آرسی کو ساتھ لے کر معاشرے کو تقسیم کرنے کا الزام لگایا-کانگریس نے وزیر داخلہ امیت شاہ کی باتوں کو سرے سے خارج کر دیا اور ان کے اس الزام کی بھی مخالفت کی جس میں انہوں نے ملک میں ہو رہے احتجاج کے پیچھے اپوزیشن کی سیاسی سازش کی بات کہی-کانگریس کا کہنا ہے کہ امیت شاہ جواب دیں کہ بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں ہی زیادہ تر مخالفت کیوں دکھائی دے رہی ہے-